عالمی دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے بچوں کو جدید زیور تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے،لیاقت شبیر

لیاقت شبیر کا دورہ ملیشیا،مس آئیدہ النور کنٹری مینیجر ملیشیا یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ون ٹو ون ملاقات

جمعرات 12 جون 2025 16:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) امیدوار اسمبلی حلقہ تین لیاقت شبیر کا دورہ ملیشیا،مس آئیدہ النور کنٹری مینیجر ملیشیا یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ون ٹو ون ملاقات، ریاست آزاد جموں و کشمیر بالخصوص ڈویژن مظفرآباد کے ذہین ترین طلبہ و طالبات کو ملیشیا کی یونیورسٹیز میں جدید زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے داخلوں کا عندیہ،ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے امیدوار اسمبلی لیاقت شبیر کا کہنا تھا کہ عالمی دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے بچوں کو جدید زیور تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

ریاست آزاد جموں و کشمیر میں ذہانت کی کمی نہیں، نسل نو خاص کر یوتھ ستاروں پر کمند ڈالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔صرف اس کے لیے راستے ہموار کرنے کی ضرورت ہے، جس پر ہم کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کا دورہ اس لیے کیا ہے کہ اپنی یوتھ اور نسل نو کے لیے تعلیمی راستے بحال کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کو جدید زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔

لیاقت شبیر نے کہا کہ ہماری سیاست آنے والی نسلوں کو آسمان کی بلندیوں کو چھوتا دیکھنا چاہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ قانون ساز اسمبلی میں جا کر قانون سازی کی جائے نہ کہ ٹوٹی نلکے کی سیاست میں پھنسا کر عوام کو در بدر۔ ان کا کہنا تھا کہ آمدہ انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے بھرپور الیکشن لڑیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں گزشتہ ادوار میں اپنے اپ کو محافظ حقوق مظفرآباد، فرزند مظفرآباد اور بھانت بھانت کے نعرے جن میں جاگ مظفرآباد جاگ، آواز دو ہم ایک ہیں جیسے پرکشش نعرے لگا کر عوام کے ووٹوں کا حصول اور بعد اذاں اس کا استحصال کیا جاتا رہا۔

لیاقت شبیر کا کہنا تھا کہ آج بھی دارالحکومت و قرب و جوار میں تعلیمی ادارے کھلے آسمان تلے، پینے کا صاف پانی ناپید، ابلتے گٹر، خستہ حال سیورج لائنیں، تمام تر میگا پراجیکٹ سے کوسوں دور تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ کہلانے والا مظفرآباد ان امیدواروں کی کارکردگی پر نوحہ کناں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نسل نو کو جدید زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے بیرون ممالک راستے ہموار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ تین کی سڑکیں، شاہرات خاص کر یونین کونسل گوجرہ میں صاف پینے کے پانی کی عدم فراہمی، سرکلر روڈ کی عدم تعمیر و دیگر مسائل کا حل نسل نو ہی کر سکتی ہے، جس کے لیے راستے ہم ہموار کریں گے۔لیاقت شبیر امیدوار اسمبلی حلقہ 3 سٹی مظفرآباد نے ملیشیا کے دورہ کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہیہ ایک اور قابلِ فخر لمحہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے ہے۔

ملیشیا دورہ کے دوران انہوں نے تعلیمی ترقی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ اس اہم دورے میں ملیشیا کنٹری مینیجر مس ''آئیدہ النور'' کوالالمپور ملیشیا آفس کی ٹیم بھی ان کے ہمراہ تھی۔یہ دورہ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر کشمیر کی پہچان کو اجاگر کرتا ہے بلکہ مظفرآباد کے نوجوانوں کے لیے عالمی مواقع کی راہیں بھی ہموار کرتا ہے۔لیاقت شبیر نے کہا کہ علم، سچائی اور انصاف ترقی کی اصل بنیادیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئیے مل کر ایک تعلیم یافتہ، باوقار اور ترقی یافتہ مظفرآباد، کی بنیاد رکھیں۔