سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیم کا لیاقت یونیورسٹی ہسپتال کا دورہ، ماحول دوست اقدامات قابلِ ستائش قرار

جمعرات 12 جون 2025 16:18

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ایس ای پی اے) کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد کا دورہ کیا جہاں صفائی ستھرائی، فضلہ تلفی، صاف پانی کی فراہمی اور دیگر ماحولیاتی تحفظ سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دورے کی قیادت اسسٹنٹ ڈائریکٹر نورین رضا نے کی، ان کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریاض احمد، کیمِسٹ ثانیہ ارشاد اور انسپکٹر ریاض احمد خانزادہ بھی شامل تھے۔

ہسپتال آمد پر ٹیم کا استقبال اے ایم ایس پیرا میڈیکل مجیب الرحمٰن کلوڑ نے کیا جو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری کی خصوصی ہدایت پر موجود تھے۔ ماحولیاتی ٹیم نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے فضلہ تلفی کے نظام، جراثیم کش اقدامات اور ماحولیاتی ضوابط کی پابندی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ٹیم نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے اختیار کیے گئے ماحول دوست اقدامات کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف مریضوں بلکہ طبی و معاون عملے کی صحت و سلامتی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ٹیم نے ہسپتال کی کارکردگی تسلی بخش قرار دیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری اور ان کی ٹیم کی محنت و لگن کو سراہا۔ ٹیم کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں ماحولیاتی ضوابط کی پابندی انتہائی ضروری ہے اور لیاقت یونیورسٹی ہسپتال اس حوالے سے مثبت مثال ہے۔

متعلقہ عنوان :