راولپنڈی میں پولیس مقابلہ میں کانسٹیبل شہید ،انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک

جمعرات 12 جون 2025 17:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) تھانہ صدر صدر واہ کے علاقہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ میں ایک کانسٹیبل شہید اور انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ڈاکو ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث اور مطلوب تھا، شہید کانسٹیبل سید سجاد حسین کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کر دی گئی، پولیس کے چاق وچوبند دستوں اور افسران نے شہید کانسٹیبل کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھول رکھے، نماز جنازہ میں آر پی او بابر سرفراز الپا، سی پی او سید خالد ہمدانی، پاک فوج کے سینئر افسران، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سیکورٹی، ڈویثرنل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، پولیس افسران و جوانوں اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،شہید کانسٹیبل نے سوگواران میں دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کو چھوڑا ہے، آر پی او بابر سرفراز الپا کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں جن کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہید کے اہل خانہ ہماری فیملی کی طرح ہیں، ہم ہر گھڑی شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں،سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ شہید کانسٹیبل سید سجاد حسین نے فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کی، اس عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، راولپنڈی پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، فرض کی راہ میں راولپنڈی پولیس کے 122 افسران اپنی قیمتی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کر چکے ہیں، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کانسٹیبل سید سجاد حسین کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقہ جھنگی دائم تھانہ چونترہ ضلع راولپنڈی روانہ کر دیا گیا۔