انڈس ہائی وے پر فائرنگ، دو بھائیوں سمیت چار افراد قتل

جمعرات 12 جون 2025 20:25

شکارپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) انڈس ہائی وے پر فائرنگ، دو بھائیوں سمیت چار افراد قتل۔ شکارپور کے علاقے اچھی مسیت گڑہی یاسین شکارپور انڈس ہائی وے پر نامعلوم مسلح افراد نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کو قبائلی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے دیا ہے، پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت نور محمد سندرانی، نظام احمد سندرانی، آدم سندرانی اور کار کے ڈرائیور رسول بخش مارفانی کے طور پر ہوئی ہے۔

مقتولین میں دو بھائی اور ایک بھانجا شامل ہیں، جو شکارپور کی عدالت میں پیشی کے بعد واپس اپنے گاں جا رہے تھے کہ گھات لگائے افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ سندرانی اور بروہی قبیلوں کے درمیان جاری پرانی دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

دونوں قبیلوں کے درمیان ماضی میں بھی کئی خونریز جھڑپیں ہو چکی ہیں۔ پولیس نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔