پنجاب اسمبلی پریس گیلری ارکان کے بچوں کو تعلیم، صحت عامہ ،دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے قرارداد متفقہ منظور

قانون سازی کے ذریعے سالانہ سپیشل گرانٹ مختص کرنے کا بھی مطالبہ ‘قرارداد وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے پیش کی

جمعرات 12 جون 2025 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ایک اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس کے تحت پریس گیلری کمیٹی کے اراکین اور ان کے خاندانوں کو تعلیم، صحت، اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔یہ قرارداد صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے ایوان میں پیش کی۔ قرارداد کا مسودہ سپیکر آفس کی جانب سے تیار کیا گیا تھا۔

قرارداد کے متن کے مطابق ایوان نے پریس گیلری کمیٹی کے 71 ممبران اور ان کے خاندانوں کو صحت کی سہولیات، تعلیمی وظائف، شادی کے اخراجات اور وفات پر خصوصی مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مزید برآں، قرارداد میں تجویز دی گئی ہے کہ پریس گیلری کمیٹی کے لیے ایک سالانہ سپیشل گرانٹ مختص کی جائے جس کے لیے باقاعدہ جامع پالیسی، ضابطہ جات اور قانون سازی کی جائے تاکہ اس سہولت کو باقاعدہ اور شفاف انداز میں نافذ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی نے صوبائی اسمبلی کی جانب سے پریس گیلری کے 71ارکان کو صحت کی سہولیات ، سپیشل گرانٹ برائے وفات، شادی و تعلیمی وظائف نیز سالانہ بنیادوں پر پریس گیلری کمیٹی کیلئے سالانہ سپیشل گرانٹ کی قرارداد کی پنجاب اسمبلی سے متفقہ منظوری پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

پریس گیلری کمیٹی کے صدر خواجہ نصیر اور جنرل سیکرٹری عدنان شیخ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں قرارداد کی منظوری کو پریس گیلری کی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیاگیا ہے اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ اس حوالے سے جامع پالیسی /رولز/قانون سازی جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ اقدام پروفیشنل صحافیوں کے کام اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے گزشتہ ایک سال کے دوران نئے میڈیا ہال کی تعمیر ، پریس گیلری کمیٹی دفتر کے قیام اور مجوزہ سپیشل گرانٹ کی قرارداد کی منظوری کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ہے جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری کو قرارداد پیش کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ وزیراطلاعات کی صحافی دوستی پالیسیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سپیکر ملک محمد احمد خان اور عظمی بخاری کا تاریخی کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔