سکھر میں سندھ فوڈ اتھارٹی کے دودھ کی دکانوں پر چھاپے ، جرمانے عائد

جمعرات 12 جون 2025 22:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) سندھ فوڈ اتھارٹی افسران کے چھاپے ، دودھ کی کئی دکانیں سیل اور جرمانے عائد کئے گئے ۔ جمعرات کو سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آصف جان صدیقی کی ہدایات پر سندھ فوڈ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر (آپریشنز) سکھر ریجن آغا فاروق کاکڑ اور اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی عروت الوثقی نے سکھر شہر میں مختلف دودھ کی دکانوں کا اچانک دورہ کیا اور دودھ کے نمونوں کی جانچ کی۔

چیکنگ کے دوران مختلف دکانوں کا دودھ انسانی صحت کے لیے مضر صحت قرار دیتے ہوئے 600 لیٹر سے زائد دودھ ضائع کیا گیا اس کے علاوہ ایک لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا، جبکہ چار دودھ کی دکانوں کو سیل بھی کر دیا گیا، جن میں میانی روڈ کی رمضان ملک شاپ اور ایم اسحاق ملک شاپ کے علاوہ گھنٹہ گھر کی اسٹوڈنٹ ملک کارنر اور الحیدری ڈیری ملک شاپ شامل ہیں جبکہ میونسپل گراؤنڈ سکھر کے قریب کراچی ملک پروڈکٹس پر بھی 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران گھنٹہ گھر کی اسٹوڈنٹ چکن کارنر پر استعمال ہونے کوکنگ آئل کی بھی جانچ کی گئی، کوکنگ آئل غیر معیاری ثابت ہونے اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر اسٹوڈنٹ چکن کارنر پر 50 ہزار روپے جرمانہ لگایا گیا۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر (آپریشنز) سکھر ریجن آغا فاروق کاکڑ نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آصف جان صدیقی کی خاص ہدایات ہیں کہ سندھ کے تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی عروت الوثقی نے کہا کہ سکھر شہر میں انسانی صحت کے لیے مضر صحت دودھ اور دیگر غیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء کی فروخت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر فوڈ سیفٹی آفیسر سکھر فرحان احمد اور عملہ بھی موجود تھا۔

متعلقہ عنوان :