Live Updates

جماعت اسلامی سوات نے وفاقی بجٹ ،ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس و کسٹم ایکٹ نفاذ کو مسترد کردیا

جمعہ 13 جون 2025 02:50

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)امیر جماعت اسلامی سوات حمید الحق نے وفاقی بجٹ اور ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس و کسٹم ایکٹ کے نفاذ کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ صرف الفاظ کی ہیرا پھیری ہے، جس کا عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ ٹیکس تنخواہ دار ملازمین سے لیا جا رہا ہے، جبکہ بڑے بڑے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو ٹیکس سے مستثنی رکھا گیا ہے، جو کہ سراسر ناانصافی اور استحصالی نظام کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سولر پینلز کی قیمتوں میں اضافہ ظلم کے مترادف ہے، کیونکہ لوڈشیڈنگ کے اس دور میں سولر توانائی ہی عوام کے لیے بجلی کا ایک سستا اور متبادل ذریعہ ہے، لیکن بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اور بے تحاشہ اضافے نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ دی ہے۔حمید الحق نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کو 10 فیصد سیلز ٹیکس کی توسیع دینا یہاں کے عوام کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ پہلے ہی دہشت گردی، سیلابوں اور زلزلوں جیسے قدرتی و انسانی سانحات سے متاثر ہے، اس لیے یہاں کے عوام کو ہر قسم کے ٹیکس سے مستقل بنیادوں پر مستثنی قرار دیا جائے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات