Live Updates

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، مسلح افواج کے سربراہ سمیت متعدد اہم شخصیات جاں بحق

اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا، اسرائیلی فضائیہ کے درجنوں لڑاکا طیاروں نے حملے میں حصہ لیا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 13 جون 2025 10:41

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، مسلح افواج کے سربراہ سمیت متعدد اہم ..
ایران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جون2025ء) اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کرتے ہوئے اہم تنصیات کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے نتیجے ایران کی جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی سمیت متعدد فوجی کمانڈرز، جوہری سائنسدان اور عام شہری جاں بحق ہو گئے۔

اسرائیل نے آج صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں اور بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ ایرانی میڈیا نے دارالحکومت تہران کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں پر حملےکی تصدیق کر دی، دوسری طرف اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کیا کہ اسرائیل نے ایران پر پیشگی حملہ کر دیا ہے، ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فضائیہ کے درجنوں لڑاکا طیاروں نے حملے میں حصہ لیا۔ امریکی اخبار کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کی فوجی قیادت کی رہائش گاہوں سمیت 6 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا ردعمل سامنے آگیا، انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے۔

خامنہ ای نے ایرانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست نے ہماری سرزمین کیخلاف گھناؤنا جرم کیا ہے، رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا کر اپنی بدنما فطرت کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، اللہ نے چاہا تو ایران کی مسلح افواج کے مضبوط بازو اسرائیل کو سزا دیے بغیر نہیں رکیں گے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات