سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ترکیہ کے گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلموش سے ملاقات

بدھ 30 جولائی 2025 17:54

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ترکیہ کے گرینڈ نیشنل اسمبلی کے ..
جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ترکیہ کے گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلموش سے ملاقات کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق یہ ملاقات 6 ویں عالمی سپیکرز کانفرنس کے موقع پر جنیوا میں ہوئی۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ تاریخ اور مفادات پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے تجارت، دفاع، ٹیکنالوجی اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔ سپیکر سردار ایاز نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران دونوں ممالک کی باہمی مدد دیرینہ دوستی کا ثبوت ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستانی پارلیمنٹ اور عوام کی جانب سے ترکیہ کے عوام اور قیادت کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں سپیکرز کے مابین اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں ترکیہ کا اصولی موقف قابل ستائش ہے۔