ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ،وفاقی وزیر صحت

بدھ 30 جولائی 2025 17:54

ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ،وفاقی وزیر صحت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ،جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوے ڈاکٹرز اور دوا مریض کی دہلیز تک لا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ٹیلی میڈیسن منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ اور ڈائریکٹر جنرل ڈویلپمنٹ سمیت سپیشل کنسلٹنٹ ٹیلی میڈیسن نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کا منصوبہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے،منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک بھر کے عوام اس جدید سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوے ڈاکٹرز اور دوا مریض کی دہلیز تک لا رہے ہیں ،ابتدائی مرحلے میں کراچی اور اسلام آباد میں پائلٹ پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے،70فی صد لوگ جوبنیادی مراکز صحت کی بجائے بڑے ہسپتالوں میں جاتے ہیں جس کی وجہ سے وہاں پر مریضوں کا دباو بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے نہ صرف ہسپتالوں پر بوجھ پر کم ہو گا بلکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے دور دراز علاقوں کے مکینوں کو دہلیز تک ڈاکٹرز اور دوا کی سہولت فراہم ہو گی ،اس اقدام سے غریب اور لاچار مریض جو ہسپتال جانے کی استطاعت نہیں رکھتے انہیں گھر کی دہلیز پر ڈاکٹرز اور دوا کی سہولت میسر ہو گی۔مصطفی کمال نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اجلاس میں ٹیلی میڈیسن منصوبے کی پیش رفت کے جائزے اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ بھی دی گئی۔