Live Updates

تحریک انصاف کی سیاسی ساکھ روز بروز کم ہو رہی ہے ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام

بدھ 30 جولائی 2025 17:54

تحریک انصاف کی سیاسی ساکھ روز بروز کم ہو رہی ہے ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے سیاسی مقاصد کیلئے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بات چیت اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سے متعلق بہت ہی متنازعہ باتیں کی ہیں، اس کی وجہ پی ٹی آئی کی مسلسل ناکامی اور پارٹی لیڈرشپ میں انتہا درجے کی تقسیم اور دھڑے بندی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی 29 جولائی کو ایک کانفرنس میں گفتگو پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بات چیت کی اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سے متعلق بہت ہی متنازعہ باتیں کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی اس بات چیت کا پس منظر یہ ہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے تحریک انصاف کے رویے اور عمران خان کے سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹس میں مسلسل مایوسی، فوج کے خلاف بغض اور نفرت کا اظہار شروع ہوگیا ہے۔

اس کی بنیادی وجہ دن بدن تحریک انصاف کی کم ہوتی سیاسی ساکھ ہے کیونکہ انہیں 5 اگست والی مہم میں کوئی جان نظر آ رہی ہے نہ ہی پارٹی کے اندر کوئی ہلچل ہے، بچوں کو لانچ کرنے کا منصوبہ بھی فلاپ ہو چکا ہے اور پارٹی لیڈرشپ انتہا درجے کی تقسیم اور دھڑے بندی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر بھی وزیر اعلیٰ کو سخت مخالفت کا سامنا ہے اور انتہائی مایوس کن گورننس اور حد درجے کی کرپشن کی وجہ سے وزیر اعلیٰ پر بہت دبائو ہے، عوامی سروے علی امین گنڈاپور کو ایک ناکام ترین وزیر اعلیٰ کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں ہر محاذ پر پوری طرح ناکام ہو چکی ہے اس لئے یہ سب کہنے کا مطلب سیاسی شہادت ہو سکتا ہے تاکہ حکومت سے باہر جا کر اِسی سیاسی شہادت پر ہی سیاست کی جا سکے ، یہ ممکن ہے کہ اس سیاسی شہادت کو یقینی بنانے کے لئے مستقبل میں بھی علی امین گنڈاپور اور تحریک انصاف اس سے بھی زیادہ گھٹیا اور بے تکی باتیں اور حرکتیں کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اپنی کرپشن کا بازار گرم رکھنے کے لئے علی امین گنڈاپور اپنی سیٹ کی قربانی کبھی نہ دے اور یہ اشتعال دلوانے والے بیانات صرف اپنی ناکام گورننس سے توجہ ہٹانے کے لئے ہوں تاکہ ساری توجہ فوج کی طرف رہے اور صوبائی حکومت اپنی لوٹ مار جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ آپریشن سندور میں ناکامی کے بعد تحریک انصاف اپنے آقاؤں کی ایما پر عوام اور فوج میں بد گمانی پیدا کرنے کے اپنے پرانے ایجنڈے پر کار فرما کر دی گئی ہو کیونکہ حالیہ ماضی میں معرکہ حق کے بعد تحریک انصاف پھر فوج مخالف ایجنڈے پر پوری طرح گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ یہ تحریک انصاف کی طرف سے ایک نورا کشتی ہو تاکہ بانی پی ٹی ائی کے لئے کچھ گنجائش پیدا کی جا سکے کیونکہ آگے ابھی جی ایچ کیو حملہ کیس جیسے اہم مقدمات کا فیصلہ بھی آنا باقی ہے اور تحریک انصاف کی کوئی چال اب تک کوئی مقاصد حاصل نہیں کر پائی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات