“سُتھرا پنجاب”ویژن کے تحت عیدالاضحیٰ کے موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سینٹری کارکنوں میں نقد انعامات تقسیم

جمعہ 13 جون 2025 12:24

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “سُتھرا پنجاب” ویژن کے تحت عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر ضلع گجرات میں صفائی اور آلائشوں کی بروقت تلفی کو یقینی بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے سپروائزرز، سینیٹری ورکرز اور افسران کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کی۔

تقریب میں گجرات اور کھاریاں سے تعلق رکھنے والے صفائی عملے، سینیٹری سپروائزرز، افسران اور میونسپل کمیٹیوں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ صفائی کے عمل میں مثالی کارکردگی دکھانے والے کارکنان کو نقد انعامات، شیلڈز اور اعزازی میڈلز سے نوازا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) خضر حیات بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) افضل حیات تارڈ، کوفاؤنڈر آرار ملک زین، ڈائریکٹر آرار ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اسد اللہ، سی او میونسپل کارپوریشن و کمیٹیز، دیگر افسران اور ادارہ جاتی نمائندگان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید کے تینوں دنوں میں ضلع گجرات میں آلائشوں کی بروقت صفائی، شہری علاقوں کی دھلائی اور روز واٹر اسپرے جیسے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بہترین کارکردگی کے حامل سینیٹری سپروائزرز کے لیے خصوصی نقد انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے صفائی کے اس کامیاب آپریشن پر تمام اداروں اور عملے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہی جذبہ اور محنت ضلع گجرات کو پنجاب کا ماڈل ضلع بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔