مبینہ پولیس مقابلہ،ایک ڈاکواپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

جمعہ 13 جون 2025 14:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ملتان کے علاقہ بستی نو کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق جمعرات کو رات گئے3بجے کے قریب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ملتان کی ٹیم بسلسلہ گشت و پڑتال جرائم بستی نو کے قریب آرندہ سڑک پر موجود تھی کہ راجباہ آرندہ اعوان چوک کی طرف سے ایک موٹرسائیکل پر تین نامعلوم افراد آتے دکھائی دیئے،جنہیں روکنے کا اشارہ کیا گیا،پولیس کو دیکھ کرموٹرسائیکل سواروں نے واپس موڑتے ہوئے پولیس پرفائرنگ شروع کردی،پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔

دوران فائرنگ پولیس نے سرکاری گاڑی کی اوٹ لے کرملزمان کو باآوازبلند ہتھیار پھینک کرگرفتاری دینے کا کہا۔

(جاری ہے)

فائرنگ رکنے پر پولیس نے محتاط انداز سے آگے بڑھتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کی،تو ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکرہلاک پایاگیا جبکہ اس کے 2 نامعلوم ساتھی ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ہلاک ڈاکو کے قریب سے ایک غیرقانونی پستول اور چوری کا ایک 125 موٹرسائیکل بھی برآمد ہوا جسے پولیس نے قبضہ میں لیتے ہوئے وقوعہ کا مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔