جون کے دوران بعض علاقوں میں گرم موسم سے پھلدار پودوں کو نقصان پہنچ سکتاہے،اسسٹنٹ ڈائریکٹر

جمعہ 13 جون 2025 16:57

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ رواں ماہ جون کے دوران بعض باغات کے علاقوں میں گرم ہوائیں، لو چلنے اور بارشوں کی کمی سے پھلدار پودوں کو نقصان پہنچ سکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسانوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ باغبان پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال یقینی بنائیں اور بوقت ضرورت شام کو آبپاشی بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے میدانی اور جنوبی علاقے بتدریج گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ سیاوپر جارہا ہے جو پھلوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے، پھلدار پودے زیادہ سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس سے زائد گرمی پر پھل جھلس جاتاہے، اس کے چھلکے پھٹ جاتے ہیں اور اس کی کوالٹی بری طرح متاثر ہو تی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نئے پودے لاتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ پیوند کی اونچائی 12 سے 15 انچ سے زائد نہ ہو، نئے لگائے گئے آم، کھجور، الیچی کے پودے گرمی سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں اور ان پودوں پر سائے کا مناسب بندوبست بھی ضروری ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار جبکہ بڑے پودوں کو8 سے 10 دن وقفہ سے پانی لگائیں اور جون کے مہینہ میں پھل دار پودوں کے تنوں کو نیلے تھوتھے اور چونے کے محلول سے سفید ی کرکے تنے کوگرمی کے مضر اثرات سے محفوظ بھی بنائیں۔