صوبائی سیکرٹری ہائوسنگ کا دورہ واسا لاہور ، جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کاجائزہ

جمعہ 13 جون 2025 18:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نور الامین مینگل کاواسا لاہور پہنچنے پر منیجنگ ڈائریکٹر غفران احمد نےاستقبال کیا۔ اس موقع پر ایک اعلی سطح کا اجلاس سیکرٹری ہائوسنگ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید، ڈپٹی کمشنر لاہور موسی رضا اور ایڈیشنل سیکرٹری ہائوسنگ عمر فاروق سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایم ڈی واسا غفران احمد نے واسا لاہور کے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے جدید واٹر سٹوریج ٹینکس اور ایکوافائر ریچارجنگ سسٹم پر تیزی سے کام جاری ہے۔ لاہور میں 10 نئے زیر زمین واٹر ٹینکس پر کام جاری ہے، جنہیں مون سون سیزن سے قبل فعال کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہائوسنگ کو لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، سرفس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ٹنل بورنگ جیسے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری ہائوسنگ نور الامین مینگل نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز 1 اور 2 پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور تمام منصوبوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ایم ڈی واسا نے بریفنگ میں بتایا کہ بی آر بی کینال سے 100 کیوسک پانی حاصل کر کے سرفس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے صاف کیا جائے گا، جس سے شادی پورہ، مصطفی آباد، فتح گڑھ اور باغبانپورہ کے لاکھوں مکینوں کو صاف پانی میسر آئے گا۔

یہ منصوبہ تقریبا 10 لاکھ شہریوں کو مستفید کرے گا بلکہ زیر زمین پانی کی سطح میں کمی کو روکنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک ٹرنچ لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے 25 کلومیٹر طویل ٹنل بورنگ منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔اجلاس میں بابو صابو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پنجاب بھر کی تمام رہائشی سوسائٹیز کو ویسٹ واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

انہوں نے واسا لاہور کے منصوبوں کو وزیر اعلی پنجاب کے ترقیاتی وژن کی عملی تعبیر قرار دیا اور کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے واسا کے دائرہ کار کو پنجاب کے دیگر شہروں تک وسعت دینے اور لاہور کی طرز پر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے مون سون سے قبل تمام ہیوی مشینری اور ڈسپوزل سٹیشنز کی ایفیشینسی آڈٹ کرانے کی ہدایات دیں اور واسا لاہور کے واٹر ٹینکس منصوبے کو سراہتے ہوئے پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے مزید موثر اقدامات کی تاکید کی۔ بعد ازاں نور الامین مینگل نے قذافی سٹیڈیم میں زیر زمین واٹر ٹینک کا دورہ بھی کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔