فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 150 بیڈز پر مشتمل نیا ایمرجنسی بلاک بنانے کا فیصلہ

جمعہ 13 جون 2025 18:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صحت دوست پالیسی کے تحت ڈویژنل انتظامیہ عارضہ قلب کے مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے، اس ضمن میں فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈونر کے تعاون سے150 بیڈز پر مشتمل نیا ایمرجنسی بلاک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئے ایمرجنسی بلاک میں پہلے مرحلہ میں 50 بیڈز شامل کئے جائیں گے جہاں پر ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ،پرائمری انجیو گرافی سمیت تمام ضروری سہولیات نئے بلاک میں دستیاب ہونگی۔

(جاری ہے)

سکریننگ اور ای سی جی رومز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔کمشنر مریم خان نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کیلئے اقدامات بارے بریفنگ لی،سائٹ کا معائنہ بھی کیا۔سابق ایم این اے عبدالمنان،ڈونر سیٹھ افتخار، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضااورایم ایس ایف آئی سی بھی ہمراہ تھے۔کمشنر نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد نئے بلاک کی تعمیر جلد شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایف آئی سی میں سروس ڈیلیوری اور ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔