نوابزادہ امیر حمزہ زہری کا خضدار میں قبائلی رہنماء کامران جتک کے قتل پر اظہار افسوس

جمعہ 13 جون 2025 22:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) پیپلز پارٹی کے رہنما اور مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے خضدار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے قبائلی رہنما سردارزادہ کامران جتک کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ سردارزادہ کامران جتک کا قتل ایک افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے سردارزادہ کامران جتک کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے حکام سے مطالبہ کیا کہ خضدار سمیت بلوچستان بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے اور قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔