ح*ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی کھلی کچہری، سائلین کو انصاف کی یقین دہانی

ظ*ذیشان رضا نے کھلی کچہری میں مقدمات پر فوری کارروائی کے لیے احکامات جاری کیے ق*شہریوں نے کرسی پر بیٹھ کر مسائل سنائے، انویسٹی گیشن افسران کو سخت ہدایات جاری

جمعہ 13 جون 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق عوامی ریلیف کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں اورسیز پاکستانیوں سمیت بڑی تعداد میں سائلین نے شرکت کی۔شہریوں نے قتل، اقدام قتل، دھوکہ دہی اور زیادتی جیسے سنگین مقدمات کے سلسلے میں اپنی شکایات ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش کیں۔

(جاری ہے)

سائلین کو عزت و احترام کے ساتھ کرسیوں پر بٹھا کر ان کے مسائل سنے گئے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے موقع پر ہی متعلقہ ڈویڑنل ایس پیز انویسٹی گیشن کو فوری اور شفاف کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ تمام مقدمات کی میرٹ پر یکسوئی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ شہریوں کو فوری اور بروقت انصاف کی فراہمی ہی امن و امان کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور انصاف کی راہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔