آئی جی خیبر پختونخوا کا پولیس سہولت مرکز کا دورہ،سرٹیفکیٹ، کرایہ دار و ملازم رجسٹریشن دیگر سہولیات کا جائزہ

جمعہ 13 جون 2025 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمیدنے تھانہ شرقی پشاور میں قائم پولیس سہولت مرکز کا دورہ کیا۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسرپشاور قاسم علی خان ، ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی رائے اعجاز خان اور دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔آئی جی پی نے سہولت مرکز میں قائم مختلف سروس سیکشنز جن میں ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ، کرایہ دار و ملازم رجسٹریشن، ویریفیکیشن، خواتین و بزرگ شہریوں کے لیے مختص کاونٹرز اور عوامی شکایات سیل کا معائنہ کیا۔

انہوں نے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے عملے سے تفصیلی بریفنگ لی اور سروس ڈلیوری کے بعض شعبہ جات میں مزید بہتری کے لیے واضح ہدایات بھی جاری کیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پی ذوالفقار حمید نے سہولت مرکز میں خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت دی کہ ادائیگی، تصدیق اور رسید کے تمام مراحل کو مکمل طور پر خود کار بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جدید شفاف اور بااعتماد سہولت میسر ہو اور آنر لائن پیمنٹ سسٹم کے فوری نفاذ کی بھی ہدایت کی۔

سہولت مرکز میں سائلین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور رش کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا نے پشاور کے دیگر علاقوں میں بھی پولیس سہولت مراکز قائم کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ شہریوں کو قریبی مقام پرپولیس خدمات دستیاب ہوں۔آئی جی نے درخواستوں کی پراسیسنگ تیز اور شفاف طریقے سے ممکن بنانے کے لئے تمام سہولیات کی مکمل آٹومیشن (خودکاری) سے متعلق فوری اقدامات کی بھی ہدایت کی اسی طرح گرمی کے موسم میں آنے والے شہریوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لئے سہولت مرکز میں ائیر کنڈیشنرز کی فوری تنصیب کی ہدایت بھی دی ۔

انہوں نے خواتین، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے سہولتوں میں مزید بہتری لانے پر بھی زور دیا۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے پولیس اور عوام کے مابین حائل خلیج کو کم کرنے کے لیے عملے کو خوش اخلاقی، پیشہ ورانہ رویہ اور عوامی تعاون کو اپنا شعار بنانے کی بھی ہدایت کی۔