وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بلال خان کاکڑ کی وفاقی وزیر تجارت جام کمال سے ملاقات

جمعہ 13 جون 2025 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین، بلال خان کاکڑ نے وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان عالیانی سے یہاں ملاقات کی ، اس موقع پر صوبے میں اقتصادی ترقی کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بلال کاکڑ نے بلوچستان حکومت کی جانب سے تجارت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے اسٹریٹجک اصلاحات اور انفراسٹرکچر کی بہتری کی اہمیت پر زور دیا۔وفاقی وزیرجام کمال خان نے ان اقدامات کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور بلوچستان میں کاروباری سہولتوں کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے وفاقی حکومت کے عزم کی اعادہ کیا، انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکام کے درمیان مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اس خطے کی اقتصادی صلاحیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں زراعت، معدنیات، توانائی اور انفراسٹرکچر جیسے اہم شعبوں کی اقتصادی ترقی میں اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ان شعبوں کو ترجیح دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ملاقات میں بلوچستان میں SEZs کی ترقی اور فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ سرمایہ کاروں کے لیے مراعات اور سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔یہ ملاقات بلوچستان کی اقتصادی صلاحیت کو حقیقت میں بدلنے کی طرف ایک اہم قدم ہے، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کر رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :