دالبندین بائی پاس پر 282 انٹری گاڑی مالکان نے پاک ایران شاہراہ بند کردی

جمعہ 13 جون 2025 21:30

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)دالبندین کے مغربی بائی پاس پر 282 انٹری رکھنے والے گاڑی مالکان نے پاک ایران شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث تفتان سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے تفتان جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شاہراہ تقریباً چار گھنٹے تک بند رہی مظاہرین کا کہنا تھا کہ انٹری ہمارا حق ہے، جو ہمیں گزشتہ نو ماہ کی مسلسل کوششوں کے بعد ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان 282 انٹریوں کو انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے تمام مراحل سے گزار کر منظوری دی، اور ان افراد کو دالبندین کی پرانی فہرست میں شامل کیا گیا۔ مظاہرین کے مطابق،250 گاڑی مالکان نے اپنا پہلا راؤنڈ بھی مکمل کر لیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ چند افراد کے احتجاج کے بعد ان انٹریوں کو دوبارہ روکنا سراسر ناانصافی ہے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے کہا کہ یہ انٹری فہرست ایک دن، ایک ہفتے یا ایک ماہ میں نہیں بنی بلکہ نو ماہ کی مکمل جانچ پڑتال، ویری فکیشن اور پراسیس کے بعد تیار کی گئی ہے۔

مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ اگر 282 انٹریوں پر کسی کو اعتراض ہے تو تمام پرانی اور نئی انٹریوں کی ایک ساتھ جانچ پڑتال کی جائے، نہ کہ صرف 282 کو نشانہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرانی انٹریوں میں بھی بے شمار مسائل موجود ہیں، لیکن انہیں چلنے دیا جا رہا ہے، صرف نئی انٹریوں کو روکنا ناقابل قبول ہے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ جو افراد 282 انٹریوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کی جائے اور باقی ماندہ تقریباً 2500 افراد کو بھی انٹریاں جاری کی جائیں تاکہ سب باعزت طریقے سے اپنا روزگار کما سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف 282 انٹریوں کو روک کر مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ مزید مسائل جنم لیں گے۔بعد ازاں،ضلع انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین سے ایس ایچ او عبد القادر نے مذاکرات کیے گئے، جس میں 282 انٹری رکھنے والے گاڑی مالکان نے اپنا مؤقف پیش کیا۔ایس ایچ او حاجی عبد القادر نے کہا میں آپ لوگوں کا موقف ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھ دونگا فلحال آپ لوگ روڈ کھول دے۔اس کامیاب مذاکرات کے بعد پاک ایران شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔