گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی 4 روزہ میگا صفائی مہم شروع

ہفتہ 14 جون 2025 16:32

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی ہدایت پر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے عید کے بعد چار روزہ میگا صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کی نگرانی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ارسلان شوکت، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شاہ رخ علی کی سربراہی میں کر رہے ہیں۔ گلیات کے پورے علاقہ میں صفائی کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی باقیات سمیت فضلہ کو ماحولیاتی طور پر پائیدار طریقہ سے اکٹھا کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر علاقہ میں ایک خصوصی صفائی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، سول سوسائٹی کے ارکان، پولیس اہلکاروں، ریسکیو اہلکاروں اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔ شرکانے صفائی کو برقرار رکھنے میں اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے دوروں کے دوران ماحولیاتی ذمہ دارانہ طرز عمل کو اپنائیں۔ جی ڈی اے نے سیاحوں اور مقامی باشندوں دونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گلیات کی صفائیاور ماحولیاتی خوبصورتی کے تحفظ میں فعال تعاون کریں۔