Live Updates

پنجاب اسمبلی کا 16جون کو ہونے والا اجلاس 2 سیشنز پر مشتمل ہوگا

پہلے سیشن میں معمول کی کارروائی جبکہ دوسرے سیشن میں بجٹ پیش کیاجائیگا ن) لیگ نے حکمت عملی مرتب کر لی، وزیر اعلیٰ مریم نواز بجٹ سیشن میں شرکت کریں گی ‘ذرائع

ہفتہ 14 جون 2025 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) پنجاب اسمبلی کا16جون کو ہونے والا اجلاس دوسیشنز پر مشتمل ہوگا،پہلے سیشن میں معمول کی کارروائی جبکہ دوسرے سیشن میں بجٹ پیش کیاجائیگا۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے نیا بجٹ اجلاس بلانے کی بجائے پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس کے دوران ہی بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پیر کے روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس دس بجے شروع ہوگا۔

پہلے سیشن میں ایوان میں معمول کی کارروائی مکمل کی جائے گی۔رواں اجلاس میں ہی مختصر وقفے کے بعد بجٹ پیش کیا جائے گا، وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان مالی سال 2025-26ء کابجٹ پیش کریں گے۔پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس کے مطابق رواں اجلاس میں ہی بجٹ پیش کیا جاسکتا ہے ، اس سے قبل بجٹ کے لیے ہمیشہ الگ سے اجلاس بلایا جاتا رہاہے ۔

(جاری ہے)

حکومتی اراکین اسمبلی کے مطابق قواعدوضوابط رواں اجلاس میں ہی بجٹ پیش کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے بجٹ اجلاس سے متعلق حکمت عملی مرتب کر لی۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو سوموار کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کے لیے سوموار کی صبح ایوان وزیراعلی میں ناشتے کا اہتمام کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز بجٹ سیشن میں شرکت کریں گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات