رائے ونڈ میں قبضہ مافیا کے حملے میں 4پولیس اہلکار زخمی

ملزمان کے خلاف قبضہ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج

ہفتہ 14 جون 2025 17:39

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) رائے ونڈ میں قبضہ مافیا کے حملے میں سب انسپکٹر سمیت 4اہلکار زخمی ہوگئے،واقعے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف قبضہ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج کر لیے گئے ۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس پارٹی کو 15کی کال موصول ہوئی کہ محلہ جمال نگر میں کسی اراضی پر قبضہ ہو رہا ہے اور دو گروپ آپس میں لڑ رہے ہیں پولیس ٹیم جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو دو خواتین سمیت 12افراد نے پولیس پارٹی پر پتھرائو اور فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 4پولیس ملازمین زخمی ہوگئے، ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کے تشدد سے سب انسپکٹر وقاص شدید زخمی ہوئے جن کا سر فریکچر ہوا ہے ،زخمیوں میں اے ایس آئی سرفراز کانسٹیبلان علی شیر اور توصیف شامل ہیں ملزمان نے پولیس افسران کی وردیاں پھاڑ دیں اور تشدد کا نشانہ بنایا،ملزمان رات کی رایکی کا فائد ہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے،وقوعہ جمعہ اور ہفتہ کی شب پیش آیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف قبضہ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج کرکے قانون کے مطابق مزید کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے،پولیس ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پولیس کو پیشہ وارانہ حوصلہ اور بہادری دکھانے پر شاباش دی۔