اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت تحصیل امن کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 14 جون 2025 17:41

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا سید اسد عباس شیرازی کی زیر صدارت محرم الحرام سے قبل امن و امان کے حوالے سے تحصیل امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں اے ایس پی سٹی سرکل اور ڈی ایس پی صدر سرکل سرگودھا اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحصیل علماء کمیٹی کے معزز اراکین بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی، جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سیکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنرسرگودھا سید اسد عباس شیرازی نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور علماء کرام باہمی تعاون سے محرم الحرام کے دوران امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ اُنہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام کا شکریہ ادا کیا اور اُن کے تعاون کو سراہا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور شرکاء نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔