Live Updates

د*وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا احمد پور شرقیہ، بہاولپور کا دورہ

v 250 سے زائد ہندو خاندانوں میں ہولی گرانٹ کے چیکس تقسیم کیے

ہفتہ 14 جون 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے تحصیل احمد پور شرقیہ، ضلع بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہندو برادری کے 250 سے زائد خاندانوں میں ہولی گرانٹ کے تحت چیکس تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب جناح لائبریری، احمد پور شرقیہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں تحصیل یزمان، خیرپور ٹامیوالی، حاصل پور سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہندو خاندانوں نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ہر مستحق خاندان کو 15,000 روپے کا چیک فراہم کیا گیا۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر کہا کہ ہندو برادری کے مذہبی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کی اقلیت دوست پالیسیوں کی بدولت نہ صرف مذہبی تہواروں کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے بلکہ مندروں کی تعمیر و توسیع، تعلیمی وظائف، اقلیتوں کے لیے مینارٹی کارڈز اور نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرامز جیسے کئی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی اقلیتوں کے حوالے سے جامع پالیسیوں کی بدولت مذہبی ہم آہنگی کو فروغ مل رہا ہے۔ ہندو برادری کو مساوی شہری حقوق، تحفظ، تعلیمی و معاشی مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ حالیہ بجٹ میں بھی ہندو برادری کے لیے نئی اسکیموں کا آغاز کیا جا رہا ہے اور مینارٹی ویلفیئر فنڈ میں خاطر خواہ اضافہ یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی سے ہی یہ تمام اقدامات ممکن ہو سکے ہیں۔ تقریب کے آخر میں ہندو برادری کے افراد نے ہولی کے رنگوں میں خوشیاں بانٹیں، ایک دوسرے کو گلے لگایا اور دعا کی کہ دنیا بھر میں امن، محبت اور بھائی چارہ قائم رہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر، ہندو کمیونٹی کے نمائندگان اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات