Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ میں جنوبی اضلاع کی ترقی،بنوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا ہے، پختون یار خان

ہفتہ 14 جون 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں جنوبی اضلاع کی ترقی, بالخصوص بنوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا ہے۔ یہ بجٹ بنوں کے عوام کیلئے صرف مالی منصوبہ نہیں بلکہ ایک نئی صبح، ایک نئی امید اور حقیقی ترقی کا عملی وعدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایت پربنوں کیلئے وہ منصوبے شامل کئے گئے ہیں جو اس علاقے کو معاشی، تعلیمی، طبی، اور انفراسٹرکچر کے لحاظ سے نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔ ضلع بنوں میں صحت کے شعبے میں کئی بڑے اقدامات کئے گئے ہیں جن میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کی تزئین و آرائش، ٹراما سنٹر، کڈنی سینٹر، کیتھ لیب اور پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا بنوں یونٹ شامل ہے۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں سے مقامی سطح پر معیاری طبی سہولیات دستیاب ہوں گی اور مریضوں کو دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ تعلیم کے میدان میں بھی بنوں کو اہمیت دی گئی ہے۔ جدید تعلیمی انفراسٹرکچر، ماڈل سکولز، اور زنانہ و مردانہ کالجز کے قیام سے نوجوان نسل کو بہتر مستقبل فراہم کیا جائے گا۔ نوجوانوں کی جسمانی نشوونما اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بنوں شہر میں جمنازیم، میراخیل میں ملٹی اسپورٹس کمپلیکس اور ایک جوان مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ علاقائی ترقی اور سفری سہولیات کیلئے متعدد سڑکوں کی تعمیر، کشادگی اور مرمت شامل کی گئی ہے جن میں گنڈی چوک تا بنوں، ککی روڈ، آمندی تا کرم پل، منڈان پولیس اسٹیشن تا ہوید، کرم پل تا ڈی آئی خان (ہشنی گاؤں کے ذریعی) درے پل تا نورنگ (شیر کلہ کے ذریعی) بنوں تا میرانشاہ روڈ اور بنوں سے ہگلہ موٹروے (ڈی آئی خان) نئی لنک روڈ قابل ذکر ہیں۔

اس کے علاوہ ڈی آئی خان اور کوہاٹ روڈ پر فلائی اوورز اور پل بھی تعمیر کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ امن و امان کو مستحکم بنانے کیلئے نئی پولیس لائن، سیف سٹی پولیس اسٹیشن اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ معاشی ترقی کیلئے اکنامک زون کا قیام، اس کیلئے گریڈ اسٹیشن کی تعمیر اور صنعتی کارخانوں کی تنصیب سے مقامی سطح پر روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے جو بنوں کے نوجوانوں کی خوشحالی کا ذریعہ بنیں گے۔

انہوں نے کہاکہ زراعت اور پانی کے شعبے میں بھی قابل ذکر اقدامات کئے گئے ہیں ۔صاف پانی اور نکاسی آب کے منصوبے، کچکوٹ کینال اور سکارپ ٹیوب ویل سسٹم کی بحالی، نیز نالوں و نہروں کی لائننگ اور ریہیب جیسے اقدامات شامل ہیں تاکہ دیہی علاقوں کو پائیدار سہولیات میسر آسکیں ۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بنوں کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبے بنوں کے عوام کیلئے خوشحالی، سہولت اور فلاح کا نیا دور لے کر آئیں گے۔ مزید منصوبے بھی زیر غور ہیں جن کی تفصیلات جلد عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات