وزیراعلی پنجاب ویٹ سپورٹ پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز کی مفت فراہمی کا عمل جاری

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے گندم کی کاشت و پیداوار میں اضافہ کے لیے 27 ارب روپے کا تاریخی پیکج متعارف کرایا گیا،وزیر زراعت

اتوار 15 جون 2025 10:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)وزیراعلی پنجاب ویٹ سپورٹ پروگرام کے تحت فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز کی مفت فراہمی کا عمل جاری ہے جس میں 1000 ٹریکٹرز شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے زیادہ گندم اگاؤ پروگرام کے تحت کاشتکاروں میں گرین ٹریکٹرز کی مفت فراہمی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے گندم کی کاشت و پیداوار میں اضافہ کے لیے 27 ارب روپے کا تاریخی پیکج متعارف کرایا گیا۔

گندم کے پیداواری مقابلہ جات کے تحت صوبائی سطح پر پہلا انعام 85 ہارس پاور کا ٹریکٹر، دوسرا 75 اور تیسرا 60 ہارس پاور کا ٹریکٹر دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی سطح پر کاشتکاروں کے لیے پہلا انعام 10 لاکھ، دوسرا 8 لاکھ اور تیسرا 5 لاکھ روپے نقد مقرر کیا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت 1 تا ساڑھے 12 ایکڑ کے گندم کے کاشتکاروں کو 5000 روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ گندم اگاؤ پروگرام کے تحت ملتان ڈویژن میں 109 کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے جارہے ہیں۔وزیر زراعت پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام کے پہلے مرحلے میں 9500 خوش نصیب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے گئیجبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 20 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ فیز 2 کے تحت 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں جن کی حد بڑھا کر 3 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

زمین کی ملکیت کی حد کو بھی 25 ایکڑ تک بڑھا دیا گیا ہے۔ کاشتکاروں کو 30 فیصد رقم نقد نکالنے کی سہولت دی گئی ہے، جبکہ 20 فیصد رقم صرف ڈیزل کی خریداری کے لیے مخصوص ہے۔ اس سہولت کو مؤثر بنانے کے لیے 4000 رجسٹرڈ ڈیلرز اور 700 سے زائد پی ایس او فلنگ اسٹیشنز کو شامل کیا گیا ہے۔تقریب میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے خطاب کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے خوش نصیب کاشتکاروں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔

تقریب میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، کمشنر عامر کریم خان،ایم پی اے مقعودہ بی بی،سابق ایم پی اے رانا اعجاز احمد نون،سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی،ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس رانا شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرلز زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید،نوید عصمت کاہلوں،ڈاکٹر عامر رسول،ڈاکٹر عبدالقیوم،ڈاکٹر ساجد الرحمان سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعدادنے شرکت کی