Live Updates

نقاد، محقق، شاعر، سابق پروفیسر و چیئرمین شعبۂ اردو ، سابق رجسٹرار کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر اسلم فرخی کی برسی اتوار کو منائی گئی

اتوار 15 جون 2025 13:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) اردو کے نامور نقاد، محقق، شاعر، سابق پروفیسر و چیئرمین شعبۂ اردو ، سابق رجسٹرار کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر اسلم فرخی کی برسی اتوار 15 جون کو منائی گئی ۔ڈاکٹر اسلم فرخی 23 اکتوبر 1923ء کو لکھنؤ میں پیدا ہوئے،ان کا سابق وطن فتح گڑھ ضلع فرخ آباد تھا۔ انھوں نے صدیوں سے علم و ادب کے گہوارہ خاندان میں آنکھ کھولی ۔

ان کے خاندان کے ہر شخص کو شعر و سخن سے لگاؤ رہا ہے۔ڈاکٹر اسلم فرخی کے دادا، والد، پھوپھی زاد بھائی اور یہاں تک کہ ان کی بہنیں بھی شعر کہا کرتی تھیں۔ ان کے ننھیال کا ماحول بھی ادبی تھا۔ تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد وہ درس و تدریس سے منسلک ہو گئے۔ انہوں نے سندھ مسلم کالج کراچی، سینٹرل گورنمنٹ کالج کراچی اور کراچی یونیورسٹی میں اردو پڑھائی۔

(جاری ہے)

کراچی یونیورسٹی میں وہ ناظم شعبہ تصنیف و تالیف و ترجمہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے اس کے علاوہ کراچی یونیورسٹی میں رجسٹرارکے طور پر بھی کام کیا۔ انھوں نے پی ایچ ڈی اور ایم فل کے متعدد مقالوں کی نگرانی کے فرائض انجام دیئے ۔ زبان و ادب کے استاد اور معلم کی حیثیت سے ان کا بلند مرتبہ تھا اور وہ استاد الاساتذہ کی حیثیت کے حامل تھے۔

ڈاکٹر اسلم فرخی کا شمار ملک کے ممتاز دانشوروں میں ہوتا تھا۔ وہ استاد، شاعر، صاحب طرز نثر نگار، محقق، نقاد، بچوں کے ادیب اور ممتاز براڈ کاسٹر کی حیثیت سے جانے پہچانے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر اسلم فرخی نے براڈ کاسٹر کی حیثیت سے بھی بڑی خدمات انجام دیں۔ وہ ریڈیو پاکستان کراچی سے بہ حیثیت مسودہ نگار چھ سال منسلک رہے ہیں۔ اسلم فرخی نے ریڈیو کے لیے فیچر، ڈرامے اور تقریریں بھی تحریر کیں جو گذشتہ پچاس سال سے مقبول ہیں۔

انھوں نے ادبی زندگی کا آغاز شاعری سے کیا۔ انھوں نے غزلیں اور نظمیں بھی لکھیں لیکن پھر بھی اپنے آپ کو شاعر نہیں کہتے۔ ڈاکٹر اسلم فرخی کا اصل حوالہ حضرت نظام الدین اولیا محبوب الہٰی ہیں جن کے بارے میں انھوں نے چھ کتابیں لکھیں۔ اسلم فرخی نے بچوں کے لیے بھی لاتعداد کتابیں لکھیں۔ ان کی معروف تصانیف میں محمد حسین آزاد حیات و تصانیف (تنقید)،تذکرہ گلشن ہمیشہ بہار( تدوین)،چاند بی بی سلطانہ زوجہ وزیر حسن،قتیل و غالب ( اسد علی انوری)،اردو کی پہلی کتاب ( آزاد کی درسی کتابیں)،نیرنگ خیال (محمد حسین آزاد ) تدوین،قصص ہند (محمد حسین آزاد )تدوین،ادعیتہ القرآن (ڈپٹی نذیر احمد )،نظام رنگ (حضرت سلطان جی کا خاکہ)،گل دستہ احباب (خاکے)،آنگن میں ستارے (خاکے)،لال سبز کبوتروں کی چھتری(خاکے )،فرید و فرد فرید (بابا فرید)،دبستان نظام ( نظام الدین اولیا)،بچوں کے سلطان جی،بچوں کے رنگا رنگ امیر خسرو،بچوں کے مرزا غالب،فرمایا سلطان جی نے،بزم ِ شاہد (شاہد احمد دہلوی کی تحریریں) تدوین و ترتیب،رونق بزمِ جہاں (خاکے) اور سات آسمان (سات کلاسیک شعرا کے ادبی خاکے) شامل ہیں ۔

ڈاکٹر اسلم فرخی کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انھیں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سمیت مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔ڈاکٹر اسلم فرخی 15 جون 2016ء کو کراچی میں وفات پاگئے۔ان کی برسی کے موقع پر علمی ، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں کراج تحسین پیش کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات