صوبہ بھر میں موجود تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہائوسز کی ہوٹل آئی سافٹ وئیر میں رجسٹریشن نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی،ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب

اتوار 15 جون 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) صوبہ بھر میں موجود تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہائوسز کی ہوٹل آئی سافٹ وئیر میں رجسٹریشن نہ کروانے والوں کے خلاف پنجاب انفارمیشن آف ٹمپریری ریذیڈنس ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام ہوٹلز، گیسٹ ہائوسز اور رہائشی سروسز مہیا کرنے والوں کی رجسٹریشن کیلئے آن لائن پورٹل جاری کیا تھا جس پر رجسٹریشن کیلئے 15 جون کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ اب تک رجسٹریشن نہ کروانے والے ہوٹل اور گیسٹ ہاوسز کے مالکان فوری طور پر آن لائن پورٹل http://hoteleye.punjab.gov.pk پر رجسٹریشن کروائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ رجسٹریشن نہ کروانے والے ہوٹلز اور گیسٹ ہائوسز کیخلاف پنجاب انفارمیشن آف ٹمپریری ریذیڈنس ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ دنیا بھر میں چلنے والی آن لائن بکنگ ایپلیکیشنز سے بکنگ کروانے والوں کی بھی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ فیصلہ دہشت گردی، جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے کیا گیا۔ بیرون ملک اور اندرون ملک سے متعدد افراد پنجاب کے ہوٹلز اور گیسٹ ہائوسز میں قیام کرتے ہیں۔ صوبہ بھر کے ہوٹلز اور نجی گیسٹ ہائوسز میں قیام کرنے والے افراد کا ڈیٹا "ہوٹل آئی" میں درج کرنا ہوگا۔ نجی گیسٹ ہائوسز کے مالکان اپنے لاگ ان سے مہمانوں کی معلومات فراہم کریں گے۔ ملکی اور غیر ملکی رہائشیوں کی ڈیجیٹل تصدیق سے جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ اب تک رجسٹریشن نہ کروانے والے ہوٹل اور گیسٹ ہائوس مالکان فوری ہوٹل آئی پر رجسٹریشن کروائیں۔