مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستوں کی سماعت پیر کو سپریم کورٹ میں ہوگی

اتوار 15 جون 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستوں کی سماعت کل پیر کو سپریم کورٹ میں ہوگی ۔جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 11 رکنی آئینی بنچ کورٹ روم نمبر ایک میں مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستوں کے کیس کی سماعت کرے گا ۔ بنچ کے دیگر اراکین میں جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس محمد علی مظہر ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی ، جسٹس مسرت ہلالی ، جسٹس نعیم اختر افغان ، جسٹس شاہد بلال حسن ، جسٹس ھاشم خان کاکڑ ، جسٹس صلاح الدین پنھور جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی شامل ہیں ۔

قبل ازیں گزشتہ سماعت پر سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ تحریک انصاف کو انتخابات لڑنے سے روکا گیا۔

(جاری ہے)

جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آئین سے بتا دیں کہ جماعت انتخابات لڑتی ہے یا امیدوار؟ کیسے کہہ رہے ہیں کہ پارٹی انتخابات میں حصہ لیتی ہے؟ فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ پارٹی کے امیدوار انتخابات لڑتے ہیں اور مشترکہ نشان کا یہی مطلب ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کے پاس انتخابات لڑنے کا حق بھی ہے۔جسٹس مندوخیل نے کہا کہ کوئی امیدوار اگر پارٹی کے نشان پر انتخابات لڑنا چاہتا ہے تو پارٹی سے امیدوار سرٹیفیکیٹ لے گا۔بعدازاں سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی کو آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کے ساتھ کیس کی سماعت 16 جون تک ملتوی کر دی گئی تھی ۔