آئندہ سال سے صوبہ بھر کی ہر تحصیل میں سہولت بازار قائم کیے جائیں گی: ڈاکٹر احسان بھٹہ

سال بھر معیاری اشیائے ضروریہ سستے داموں دستیاب ہونگی، سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ

اتوار 15 جون 2025 21:05

H لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2025ء) سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ ائندہ سال سے صوبہ بھر کی ہر تحصیل میں سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کے مطابق سال بھر معیاری اشیائے ضروریہ سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ وہ شیخوپورہ میں نئی شفٹ/قائم شدہ فروٹ اینڈ سبزی منڈی کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد مارتھ، ڈی جی پیمرا طارق بسرا، ڈائریکٹر ای اینڈ ایم شامی، جی ایم سہولت بازار اتھارٹی صدام اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے دعویٰ کیا کہ سہولت بازار اتھارٹی کی طرف سے 13 نئے سہولت بازار جاری ہیں اور اگست تک مکمل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایف اینڈ وی مارکیٹس کو سٹی ایریا سے نئے نوٹیفائیڈ ایریا میں منتقل کرنے کا معاملہ حل ہو گیا ہے۔

تمام دکانیں منتقل کر دی گئی ہیں اور پہلی نیلامی کل سے نیو مارکیٹ میں شروع ہوئی جو یر روز جاری رہے گی۔ مارکیٹ کمیٹی اور میونسپل کمیٹی نے دکانداروں کے مسائل کے حل کے لیے اپنا عملہ تعینات کر دیا ہے، سکیورٹی کے لیے پولیس کی ڈیوٹی بھی لگا دی گئی ہے۔ سکریٹری نے تمام دکانوں، مختلف پھلوں/سبزیوں کی بولی وغیرہ کو چیک کیا اور تاجروں کی سہولت کے لیے پینے کا پانی، سیکورٹی، رات کو روشنی وغیرہ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ڈی سی شیخوپرہ نے تاجروں/آڑھتیوں کے مسائل سنتے ہوئے بتایا کہ دکانوں کی نیلامی کا عمل شروع ہونے پر ترقیاتی کام شروع ہو جائیں گے اور اس کی آمدنی ناپید سہولیات کی ضروری ترقی پر خرچ کی جائے گی کیونکہ دیگر سہولیات PAMRA کے تحت مارکیٹ کمیٹی نے فراہم کی ہیں۔ منڈی کے دورے کے بعد سیکرٹری نے شرقپور میں زیر تعمیر سہولت بازار کا دورہ کیا۔جی ایم ایس بی اے صدام اور انجینئرز نے پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکرٹری نے ہدایت کی کہ اس ماڈل/سہولت بازار کو علاقے کے عوام کے فائدے اور سہولت کے لیے کام شروع کرنے کے لیے جولائی کے اندر کام مکمل کیا جائے۔