ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کا ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عارضی بنیادوں پر بھرتیوں کافیصلہ

اتوار 15 جون 2025 22:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضلع بھر سے 900 مرد و خواتین ورکرز کو تین ماہ کے لیے عارضی بنیادوں پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق انسداد ڈینگی پروگرام کے تحت ضلع راولپنڈی کی مختلف تحصیلوں سے 655 مرد اور 245 خواتین سینٹری پٹرول بھرتی کیے جائیں گے۔

اس اقدام کا مقصد مؤثر فیلڈ ورک کے ذریعے ڈینگی کے کیسز میں کمی لانا اور بروقت اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

بھرتی کے لیے امیدوار کا مڈل پاس ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 23 جون مقرر کی گئی ہے۔ خواتین سینٹری پٹرول کے انٹرویوز 25 اور 26 جون کو ہوں گے جبکہ مرد امیدواروں کے انٹرویوز 27 اور 28 جون کو لیے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق چونکہ یہ کام فیلڈ میں انجام دیا جائے گا اس لیے صحت مند اور جسمانی طور پر فٹ امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔

امیدوار کے لیے اینڈرائیڈ موبائل فون کا ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ فیلڈ ورک کی مؤثر مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔ درخواست دینے اور مزید معلومات کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے دفتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :