Live Updates

سیاسی جرات کے ساتھ قابل بھروسہ درمیانی مدتی منصوبے نافذ کرنے ہونگے ‘علی عمران آصف

وفاقی بجٹ کے اعداد و شمار معاشی ہنگامی صورتحال کو ظاہر کرتے ہیں ‘سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر

پیر 16 جون 2025 12:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ سیاسی جرات کے ساتھ ایسے قابلِ بھروسہ درمیانی مدتی منصوبے نافذ کرنے ہوں گے جن میں غیر موثر اخراجات میں کمی، ٹیکس نظام کی بہتری اور امداد کو درست اور ضرورت مند شعبوں تک محدود رکھنا شامل ہے،کومت کو اپنی بجٹ ترجیحات پر نظرثانی کرنی چاہیے، ٹیکس پالیسی کو بالواسطہ کے بجائے براہ راست ٹیکسوں کی طرف منتقل کیا جانا چاہیے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نجکاری سے حاصل ہونے والے 86.5 ارب روپے کے ہدف کو شفافیت اور جوابدہی سے مشروط کیا جانا چاہیے،ڈیجیٹل نفاذ، کسٹمز اصلاحات اور ٹیکس پالیسی میں تبدیلیوں کی کامیابی کا انحصار ادارہ جاتی صلاحیت، طرز حکمرانی، اور سیاسی عزم پر ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وفاقی بجٹ 26-2025 کے اعداد و شمار معاشی ہنگامی صورتحال کو ظاہر کرتے ہیں مگر وسائل کی تقسیم موجودہ طاقت کے ڈھانچے کی ترجیحات کو نمایاں کرتی ہے، آگے کا راستہ محض حساب کتاب سے طے نہیں ہوگا اس کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات، جامع منصوبہ بندی اور مالی بقا سے آگے کا وژن درکار ہے۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ایسا پلیٹ فارم تشکیل دیں جہاں معیشت کے حوالے سے نجی شعبے سے اسٹیک ہولڈرز کی دی جانے والی تجاویز براہ راست ان تک پہنچ سکیں ۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات