پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

پیر 14 جولائی 2025 11:55

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر نمایاں تیزی دیکھی گئی، جہاں 100 انڈیکس میں 1183 پوائنٹس کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 1,35,482 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد اور ملکی معیشت میں بہتری کی واضح عکاسی کرتا ہے۔مارکیٹ میں مثبت رجحان کے دوران خاص طور پر بینکنگ، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں سرگرمی دیکھی گئی، جس سے ٹریڈنگ کے حجم میں اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تیزی ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری، روپے کی قدر میں استحکام اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے مثبت اشاروں کا نتیجہ ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار حکومت کی مالیاتی اصلاحات، کاروبار دوست پالیسیوں اور ممکنہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق خبریں نہایت خوش آئند تصور کر رہے ہیں۔ ان اقدامات نے سرمایہ کاروں کو اعتماد دیا ہے، جس کا براہ راست اثر مارکیٹ کی کارکردگی پر دیکھا جا رہا ہے۔اگر یہی رجحان جاری رہا تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ آئندہ دنوں میں مزید ریکارڈ قائم کر سکتی ہے، جو قومی معیشت کے لیے ایک خوش آئند علامت ہے۔