Live Updates

’اشرافیہ جمہوریہ ٹیکسستان‘ لاتعداد ٹیکس لگنے پر حسن نثار نے طنزاً ملک کا نیا نام تجویز کردیا

اگر آدم خود بجٹ ہوگا تو آدم خود نظام آئے گا لیکن ہم بے شرم لوگ ہیں جو اپنے گھروں میں پڑے ہوئے ہیں اور کوئی احتجاج ہی نہیں؛ تجزیہ کار کی اپنے ٹی وی پروگرام میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 جون 2025 12:14

’اشرافیہ جمہوریہ ٹیکسستان‘ لاتعداد ٹیکس لگنے پر حسن نثار نے طنزاً ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء ) وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ میں عوام پر لاتعداد ٹیکس لگنے پر تجزیہ کار حسن نثار نے طنزاً ملک کا نیا نام تجویز کردیا۔ سماء ٹی وی پر اپنے پروگرم میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر قرضہ در قرضہ تو سمجھ آتا ہے لیکن اگر خزانہ ہی نہیں تو پھر وزیر خزانہ کہاں سے آگیا؟ پاکستان کا نیا نام " اشرافیہ جمہوریہ ٹیکسستان" ہونا چاہیئے۔

حسن نثار کہتے ہیں کہ اگر آدم خود بجٹ ہوگا تو آدم خود نظام آئے گا لیکن ہم بے شرم لوگ ہیں جو اپنے گھروں میں پڑے ہوئے ہیں اور کوئی احتجاج ہی نہیں، لگے رہیں جو ان کے ساتھ ہورہا ہے وہ کم ہے اور دیکھنا آنے والے دنوں میں ان کے ساتھ ہوتا کیا ہے، وزیراعظم ہاؤس کے باغیچے کیلئے 4 کروڑ 48 لاکھ روہے، اجڑے باغاں دے گالڑ پٹواری، تواڈے نخرے ای نئیں مُک دے، جیہڑی تواڈی اوقات اے اوتھے آؤ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی جانب سے 400 سے 500 ارب روپے کے اضافی ٹیکسز لگانے کا عندیہ دیا گیا ہے، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ اگر اس وقت حکومت کی جانب سے بجٹ میں تجویز کردہ ٹیکسز کا نفاذ نہیں کرسکے تو ہمیں 400 سے 500 ارب روپے کے اضافی ٹیکسز لگانا پڑیں گے، اس لیے میری موجودہ پارلیمان سے یہی گزارش ہوگی کہ بجٹ میں تجویز کیے جانے والے ٹیکسز کے نفاذ کیلئے درکار قانون سازی اور ترامیم مہیا کریں تاکہ ہمیں اضافی اقدامات نہ کرنا پڑیں۔

دوسری طرف وزیر اعظم کے اخراجات میں کروڑوں روپے اضافہ کر دیا گیا ہے، آئندہ مالی سال کے دوران وزیر اعظم کے اخراجات میں 14 کروڑ روپے کا بڑا اضافہ ہو گا کیوں کہ بجٹ میں وزیر اعظم کے اخراجات 72 کروڑ سے بڑھا کر 86 کروڑ روپے کیے گئے ہیں، گاڑیوں کے لیے 9 کروڑ، باغیچے کے لیے 4 کروڑ مختص ہوں گے، ایک ایسے وقت میں جب ملک میں تقریباً آدھی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے اور عام آدمی سے مزید قربانی مانگ کر تقریباً 2 ہزار ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات میں کمی کی بجائے مزید اضافہ کر دیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات