ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن ڈنٹسٹری بلاک میں پوسٹ گریجویٹ ریذیڈنٹس کیلئے جدید لائبریری کا افتتاح کر دیا گیا

پیر 16 جون 2025 16:18

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن کے ڈنٹسٹری بلاک میں پوسٹ گریجویٹ ریذیڈنٹس کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر عابد جمیل اور بی او جی کے ممبر پروفیسر عالم زیب منان نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر ادارہ کے ایگزیکٹو ممبران ،مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

جدید طرز کی اس لائبریری میں مرد و خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ مطالعہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ لائبریری میں تیز رفتار وائے فائے، ایئر کنڈیشنڈ ماحول، آرام دہ کرسیاں اور دیگر بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ طلباءو طالبات کو علمی و تحقیقی ماحول میسر آ سکے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بی او جی پروفیسر عابد جمیل نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز کو معیاری سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے لائبریری کے قیام پر ادارہ کے ڈین و سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات ادارہ کے علمی معیار کو مزید بلند کریں گے۔ ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن مسلسل تعلیمی و تحقیقی سہولیات میں بہتری کی جانب گامزن ہے تاکہ مستقبل کے ماہرین طب کو ایک مثالی تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :