سیکرٹری ہاؤسنگ کا دورہ آر ڈی اے ،ترقیاتی منصوبوں کو بروقت و شفاف انداز میں مکمل کرنے پر زور

پیر 16 جون 2025 22:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈیویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کیپٹن (ر) نور الامین مینگل نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور ادارہ جاتی اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے آر ڈی اے کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ، ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے منصور احمد خان اور آر ڈی اے، واسا و پی ایچ اے کے دیگر افسران سیکرٹری ہاؤسنگ کا استقبال کیا۔

آر ڈی اے کانفرنس روم میں منعقدہ اجلاس میں ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے ادارے کی اہم سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔جس میں راولپنڈی رنگ روڈ اور نالہ لئی ایکسپریس وے سمیت متعدد بڑے منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے آر ڈی اے کے کام کی رفتار اور معیار کو سراہتے ہوئے تمام منصوبوں کو بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبے راولپنڈی کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہیں اور ان کی دیانتدارانہ تکمیل کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبے تیزی سے مکمل ہونے کی جانب گامزن ہیں اور جلد مکمل کر دیے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا اور ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے بھی اپنےمتعلقہ محکموں کی کارکردگی اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ دورے کا اختتام تمام اداروں کی جانب سے ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور راولپنڈی کے شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے عزم کی تجدید پر ہوا۔

متعلقہ عنوان :