Live Updates

پنجاب بجٹ میں صنعتی ترقی اور روزگار کے فروغ کے بڑے منصوبوں کا اعلان

پیر 16 جون 2025 22:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے ایوان کو آگاہ کیا کہ صوبے میں صنعتی و معاشی ترقی کے متعدد منصوبے کامیابی سے جاری ہیں، جن سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ 3.8 ارب روپے کی لاگت سے شروع کیے گئے گارمنٹس سٹی منصوبے کے تحت قائداعظم بزنس پارک میں دو سلائی یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں جن کی سولرائزیشن بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

منصوبے کے تحت خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کے لیے ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا گیا جس کے پہلے مرحلے میں 500 خواتین اپنی تربیت مکمل کر چکی ہیں جبکہ مزید بیچز کی تربیت کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 19 ارب روپے کی لاگت سے آسان کاروبار فنانس اسکیم اور آسان کاروبار کارڈ سکیمیں شروع کیں جن کے تحت اب تک تقریبا 70ً ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ان سکیموں کا مقصد صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے۔وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کاروباری طبقے کو سہولتیں فراہم کر کے معاشی سرگرمیوں کو بڑھا رہی ہے تاکہ صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور معاشی استحکام حاصل کیا جا سکے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات