Live Updates

پنجاب حکومت نے مسائل پر توجہ دے کر کارکن صحافی دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے،صدر ارشد انصاری

پیر 16 جون 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی موجودگی میں وزیرخزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمن نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صحافی کالونی کے فیز ٹو کیلئے صوبائی کابینہ سے منظور ہونے والے40 کروڑ کے فنڈز کو بجٹ دستاویز میں شامل کیاگیا ہے جبکہ کارکن صحافیوں کیلئے ایک ارب روپے کے انڈومنٹ فنڈ اور صوبے بھر کے صحافیوں کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا بھی کیاجائے گا۔

پریس کلب کی گورننگ باڈی نے پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اظہار تشکرکیا ہے۔صدر ارشد انصاری نے کہا کہ صحافی کالونی فیز ٹو موجودہ پنجاب حکومت کا بہت اہم فلاحی منصوبہ ہے جس سے کارکن صحافیوں کو اپنی چھت مل سکے گی اور ان کا ایک دیرینہ خواب پورا ہوگا،پنجاب حکومت کا یہ اقدام انتہائی قابل ستائش ہے،اس کے لئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے شکر گزارہیں جبکہ وزیراطلاعات پنجاب عظمی زاہد بخاری کا مثبت کردار بھی بہت اہم ہے جو کہ ان کے صحافی دوست ہونے کا اظہا رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بجٹ میں فیز ٹوکے لئے فنڈ مختص ہونے سے فیز ٹو کے حوالے سے بعض لوگوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی فواہیں دم توڑ گئی ہیں اور ہم نے اب اس فیز ٹو کے منصوبے کا بہت اہم مرحلہ عبور کر لیا ہے۔ارشدانصاری نے مزیدکہاکہ کارکن صحافیوں کی مالی معاونت کیلئے جرنلسٹ انڈومنٹ کیلئے ایک ارب روپے مختص کرنا انتہائی اہم فیصلہ ہے جس سے کارکن صحافیوں کی مالی مشکلات حل کرنے کیلئے مستقل بنیادوں پر فنڈزکی دستیابی یقینی ہوگی۔

انہوں نے صحافیوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کے اجراکو بھی سراہا اور کہاکہ اس مہنگے دور میںصحافی کیلئے ہیلتھ کارڈ امید کی کرن ہے ۔گورننگ باڈی نے صحافیوں کیلئے ہونے والے اقدامات کو سراہا اور کہاکہ لاہورپریس کلب کے یہ دیرینہ مطالبات تھے جن کیلئے موجودہ پنجاب حکومت نے اقدامات کئے ہیں، فیز ٹو، انڈومنٹ فنڈ اور ہیلتھ کارڈ کے منصوبے اس امر کی غمازی کرتے ہیں کہ حکومت کو صحافیوں کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور بتدریج ان مسائل کے حل کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات