فیسکو کی خواتین ورکرز کو تمام سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں، جنسی ہراسانی قابل برداشت نہیں،چیف ایگزیکٹو فیسکو

منگل 17 جون 2025 15:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹوانجینئرمحمد عامر نے کہا ہے کہ ہمارا دین کامل خواتین کے احترام، ان کے تحفظ، چادر اور چار دیواری کے تصور پر انتہائی زور دیتا ہے اور جو حقوق اللہ اس کے رسول اور ہمارے دین نے خواتین کو دیئے ہیں اس کی نظیر دنیا کے مذاہب میں نہیں ملتی۔ وہ کام کرنے کی جگہوں پر خواتین کو جنسی طور ہراساں کئے جانے کے خلاف قانون 2010کے بارے میں فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فیسکو کی خواتین ورکرز کو تمام سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں اور انہیں اگر اپنے مرد کولیگز کی طرف سے کسی بھی قسم کی ہراسگی کا سامنا کرنا پڑے تو اس کے ازالے کیلئے باقاعدہ کمیٹی ڈی جی میراڈ میڈم صدف ناز کی سرکردگی میں قائم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو کام کرنے کی جگہوں پر جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،خواتین اداروں میں اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر خدمات سرانجام دے رہی ہیں جن کی حوصلہ افزائی ضروری ہے تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ کام کر کے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

انہوں نے کہا کہ فیسکو میں کبھی بھی خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تاہم اگر کسی خاتون کو اس طرح کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ کمیٹی سے رابطہ کر سکتی ہے جس پر فوری کارروائی کی جائے گی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کی ہراسگی کے ایکٹ 2010کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ریجنل ایڈوائزر وفاقی محتسب برائے ہراسگی کے خلاف تحفظ میڈم لبنیٰ علی اور محمد شازیب اقبال اسسٹنٹ لا ءآفیسرفوسپانے بتایا کہ یہ قانون حکومت پاکستان نے 2010کے اوائل میں پاس کیا جس کا مقصد تمام اداروں خواہ وہ سرکاری ہوں، نجی یا سول سوسائٹی کے ان کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ خو داپنے لئے ایسے ضوابط کار مقرر کریں جن کے ذریعے وہ اپنے ہاں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کے مسائل سے نمٹ سکیں۔

اس ضابطہ اخلاق کو اپنانا سب اداروں کے لئے لازمی ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قانون کے تحت اداروں کی انتظامیہ اس بات کی ذمہ دار ہے کہ ادارے کے کلچر کو تبدیل کر کے اسے مردوں اور عورتوں کیلئے باعزت بنایا جائے۔ اس موقع پرجنرل منیجر آپریشن عمر حیات گوندل، جنرل منیجر (سی ایس) راؤ مبشرحیات، جنرل منیجر ٹیکنیکل میاں محمد رفیق،چیف انجینئر آپریش محمد سعید،چیف انجینئرڈویلپمنٹ وقاص بیگ، چیف انجینئرفیصل رضامارتھ، چیف آف آڈٹ احتشام اللہ، ڈی جی (ایچ آر) غلام مجتبیٰ خان، ڈی جی (ایڈمن) منور خان، ڈائریکٹر لیگل رضوان مظہر، نمائندہ ہائیڈروورکرز یونین یونین محمد عاطف مان اور فیسکو کے مختلف دفاتر میں کام کرنیوالی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔