فصلوں اور پھلوں پر کیڑے مار ادویات کا غیر ذمہ دارانہ استعمال انسانی صحت کو متاثر کرنے کا سبب بنتا ہے،ڈاکٹر مقصود احمد

منگل 17 جون 2025 15:47

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) ڈائریکٹر پیسٹی سائیڈز اینڈ پیسٹ وارننگ کوالٹی کنٹرول سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا ہے کہ فصلوں اور پھلوں پر کیڑے مار ادویات کا غیر ذمہ دارانہ استعمال انسانی صحت کو متاثر کرنے کا سبب بنتا ہے۔یہ بات انہوں نے "اے پی پی " سے گفتگو کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ کیمیائی کیڑے مار دوا کو بتدریج ختم کرتے ہوئے بائیو پیسٹی سائیڈ زکے متبادل کو اپنانے کےلئے سوچ و بچار کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت توسیع پنجاب اور دیگر سرکاری اداروں کے شانہ بشانہ زرعی انڈسٹری کے ماہرین کو بھی کسانوں تک جدید ٹیکنالوجی پہنچانے کےلئے کاوشیں بروئے کار لانی چاہیئں تاکہ کاشتکاروں کو کیڑے مار ادویات کے معقول استعمال اور جدید ترین زرعی طریقوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ میں کیڑے مار ادویات کے استعمال کے لئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے،پاکستان میں بھی اسی طرز پر ڈرون ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے اقدامات عمل میں لانا ہوں گے ۔