چیئرمین ضلع کونسل کمیل حیدر شاہ نے سکھر آئی بی اے میں ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کردیا

منگل 17 جون 2025 17:16

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں ورکنگ ماؤں اور طلبہ کی سہولت کے لیے ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کردیا گیا ۔ جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے مین کیمپس میں ڈے کیئر سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا،اس اقدام کا مقصد فیکلٹی، عملے اور طلبہ میں شامل کام کرنے والی ماؤں کو سہولت فراہم کرنا ہے،یہ ایک مدبرانہ اور دور رس قدم ہے، جو ایک دیرینہ ضرورت کو پورا کرتے ہوئے یونیورسٹی کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمال حیدر شاہ تھے، جنہوں نے یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈے کیئر سینٹر کو ایک مثالی اور رہنما اقدام قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دیگر اداروں پر زور دیا کہ وہ بھی اس طرز پر اقدامات کریں ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کہاکہ یہ اقدام خواتین فیکلٹی کی جانب سے موصول ہونے والی ایک حقیقی اور ضروری درخواست کی بنیاد پر کیا گیا،اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی، سٹیک ہولڈرز کو مشاورت میں شامل کیا گیا اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ دسمبر میں اس سہولت کو مزید وسعت دی جائے گی اور شادی شدہ انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طالبات کے بچوں کو بلا معاوضہ اس سہولت میں شامل کیا جائے گا۔ پرووسٹ ڈاکٹر اشفاق احمد عباسی نے بتایا کہ تین ماہ سے تین سال تک کے بچوں کی ماؤں کی جانب سے یہ ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔ انہوں نے وائس چانسلر کی قیادت کو سراہا اور اس بات کا ذکر کیا کہ متعلقہ مائیں نگہبان عملے کے انتخاب اور نظام کی بہتری کے لیے مشاورتی عمل میں براہِ راست شامل رہیں۔

کمال حیدر شاہ نے یونیورسٹی کے اثرات اور خدمات کی تعریف کی اور اُن طالبعلموں کی کامیاب کہانیوں کا ذکر کیا جنہوں نے معمولی پس منظر سے بین الاقوامی سطح پر مقام حاصل کیا۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ مستقبل میں سکھر کو ’’سکھر آئی بی اے سٹی‘‘ کے نام سے جانا جائے، جیسے آکسفورڈ کو اس کی یونیورسٹی سے پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے سکھر ڈسٹرکٹ کونسل کی جانب سے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے ساتھ مستقبل میں اشتراک کے لیے بھرپور تعاون اور عزم کا بھی اعادہ کیا۔

افتتاحی تقریب میں فیکلٹی، عملے، طلبہ اور اپنے ننھے بچوں کے ہمراہ ماؤں نے شرکت کی، جس سے یہ ایک جذباتی اور بامعنی موقع بن گیا۔ یونیورسٹی پائیدار ترقی، اختراع اور کمیونٹی کی شمولیت کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم پر قائم ہے۔

متعلقہ عنوان :