گورنرسندھ کے زیر اہتمام 1500 ویں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی چھٹے روز بھی محفل کا انعقاد

پیر 1 ستمبر 2025 19:25

گورنرسندھ کے زیر اہتمام 1500 ویں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی چھٹے روز بھی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی میزبانی میں گورنر ہاؤس کراچی میں 1500 ویں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پرنور محافل چھٹے روز بھی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس روحانی تقریب میں مختلف مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی، جبکہ معروف نعت خواں محمود الحسن اشرفی، ثقلین رشید، ماسٹر سمیر، دانیال شیخ و دیگر نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

علامہ حافظ اویس نے سیرتِ طیبہ ﷺ پر جامع اور مؤثر بیان پیش کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پر نور محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں 1500واں یومِ ولادتِ مصطفیٰ ﷺ منانے کی سعادت نصیب ہوئی،یہ ہمارے لیے عظیم خوش نصیبی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عطا ہوا،ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ دین کی تعلیمات پر عمل ہی برکتوں کا ذریعہ ہے، اللہ پر کامل یقین اور اس کے احکامات کی پیروی ہی اصل کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنہیں اللہ اختیار دیتا ہے، ان کی جوابدہی بھی زیادہ ہوتی ہے، جب مجھے یہ منصب ملا، میں نے سب کو دل سے معاف کیا،بدلہ لینے کی روش چھوڑیں، ہر معاملہ اللہ پر چھوڑ دیں۔گورنر سندھ نے تربیتِ اولاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم صراطِ مستقیم پر چلنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے بچوں کی تربیت بہتر بنائیں، گھر والوں سے محبت سے پیش آئیں۔

ہمارے نبی کریم ﷺ بچوں سے بے پناہ محبت اور شفقت فرماتے تھے،ہمیں بھی یہی سنت اپنانی چاہیے۔ انہوں نے قرآن فہمی کی اہمیت اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم قرآن پڑھتے ہیں مگر اسے سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے،یہی ہماری بڑی کوتاہی ہے۔زندگی گزارنے کے بہترین اصول نبی کریم ﷺنے عطا فرمائے، آج بھی دنیا ان کی تعلیمات پر تحقیق کر رہی ہے۔

گورنر سندھ نے موجودہ ملکی حالات پر کہا کہ ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہم ان حالات سے نکل آئیں گے، بس صبر سے کام لینا ہے۔ انہوں نے مایوسی سے بچنے، معافی دینے، اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ اصل زندگی وہ ہے جو دوسروں کے لیے گزاری جائے، یہی دلی سکون اور حقیقی کامیابی کا راز ہے۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے بذریعہ قرعہ اندازی خوش نصیب نسیمہ انصاری اور مبشر احمد بیگ کو عمرہ کے ٹکٹ عطا کیے۔