محبتِ رسول ﷺنجات کا ذریعہ، حسد و جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہیں، گورنرسندھ

پیر 1 ستمبر 2025 19:25

محبتِ رسول ﷺنجات کا ذریعہ، حسد و جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہیں، گورنرسندھ
ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم 1500 واں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ منا رہے ہیں، یہ امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم سعادت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ﷺکو رحمت اللعالمین بنا کر دنیا میں بھیجا اور حضور ﷺ سے محبت ہی نجات کا اصل ذریعہ ہے۔وہ انجمن شیدائیانِ رسول ﷺ کے زیر اہتمام منعقدہ 36 ویں سالانہ محفلِ نعت سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نماز میں دن میں پانچ بار اللہ سے معافی مانگتے ہیں مگر دوسروں کو معاف کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ جب تک ہم دوسروں کو معاف نہیں کریں گے، اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کیسے کرے گا ان کا کہنا تھا کہ حسد دل کو کفر کی طرف لے جاتا ہے اور حسد سے آلودہ دل کی دعائیں قبول نہیں ہوتیں۔

(جاری ہے)

ہم سب خطا کار ہیں مگر اللہ کو معافی مانگنے کا عمل پسند ہے، اس لیے ہمیشہ سچے دل سے معافی مانگتے رہنا چاہیے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہم انسانوں سے تو ڈرتے ہیں لیکن اللہ سے نہیں ڈرتے، حالانکہ وہی رازق ہے، عزت و ذلت اور زندگی و موت کا مالک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نبی کریمﷺ کے غلام ہیں، ہمیں اللہ کی تسبیح کرنی چاہیے، بچوں کی بہترین تربیت کرنی چاہیے اور انہیں اچھا انسان بنانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ گھروں میں محبت اور شفقت کا ماحول قائم کریں کیونکہ ہمارے نبی ﷺ بچوں سے بے پناہ محبت فرماتے تھے۔

نبی کریم ﷺ نے ہر رشتے کے حقوق واضح کر دیے، ماں، باپ، بیٹا، بیٹی، بہن، بھائی سب کے لیے اصول عطا فرمائے۔گورنر سندھ نے کہا کہ دشمنوں نے جب آپ ﷺ پر ظلم کیا تو آپ نے بددعا نہیں کی بلکہ ان کی ہدایت کے لیے دعا فرمائی، یہی اعلیٰ ظرفی ہے۔ آج کے دور میں جھوٹ عام ہو چکا ہے جو بے شمار برائیوں کی جڑ ہے، اس سے بچنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :