Live Updates

بلوچستان ،آئندہ مالی سال کے بجٹ میں محکمہ ماہی گیری و ساحلی ترقی کیلئے 6 ارب49کروڑ روپے مختص

منگل 17 جون 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں محکمہ ماہی گیری و ساحلی ترقی کیلئے مجموعی طور پر 6 ارب49کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو دنیا کی بہترین ساحلی پٹی سے نوازا ہے سمندر کا پانی اور اس کے 771 کلومیٹر طویل ساحلی علاقے شامل ہیں ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا گذر بسر سمندری حیات پر منحصر ہے۔

جس میں کوسٹل ٹوریزم (Coastal Tourism) کے ساتھ ساتھ ماہی گیری کے بے پناہ مواقع موجو دہیں۔اس حوالے سے حکومت بلوچستان جامع حکمت عملی کے تحت پوری ساحلی پٹی کو بین الاقوامی معیار کے عین مطابق ماسٹر پلاننگ کرا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی ماہی گیروں کو جدید تربیت اور سہولت فراہم کی جائے جو معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے۔ مالی سال 25-2024 کے دوران محکمہ ماہی گیری نے جامع ماہی گیری پالیسی کی تیاری کے ساتھ ساتھ غیر قانونی ٹرالروں کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں جن کے تحت محکمہ ماہی گیری نے 45 نگرانی (Petrolling) کشتیاں خریدیں جبکہ اس ضمن میں مزید کشتیوں کی خریداری جاری ہے۔

بلوچستان حکومت نے فیڈرل وی ایم ایس یعنی (Vessel Monitoring System) پروگرام کے تحت 300 ملین روپے کی رقم مختص کی ہے تا کہ ٹرالوں کی نگرانی اور ٹریکنگ میں معاون ثابت ہوں۔ اگلے مالی سال 26-2025 میں اس شعبے کے لیے ترقیاتی مد میں 4.3 ارب روپے اور غیر ترقیاتی مد میں 2 ارب 19 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات