محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی اداروں کااجلاس ، انتظامات کا جائزہ

منگل 17 جون 2025 21:40

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں ڈویژنل اینڈ انٹیلی جنس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس افسران، ڈپٹی کمشنرز اور سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات، تھریٹ الرٹس، ممکنہ چیلنجز، حساس مقامات، عبادت گاہوں اور غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی سمیت سابقہ غیرحل شدہ تنازعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ہدایت کی کہ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے تمام روٹس پر سکیورٹی انتظامات کو ضلعی پولیس سربراہان خود چیک کریں، وقت اور طے شدہ معاہدوں کی مکمل پابندی کرائی جائے، جبکہ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کو بھی مؤثر انداز میں عمل میں لایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہوٹلز، سرائے، بس اڈوں، کرایہ داران، مشکوک افراد اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی مکمل نگرانی کی جائے، اشتعال انگیز تقاریر، فرقہ وارانہ بیانات، وال چاکنگ، غیرقانونی پوسٹرز اور لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت درج مقدمات اور انسدادی اقدامات میں بھی تیزی لانے کی ہدایت کی گئی۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے، جلوسوں کے ساتھ امن کمیٹی ممبران کو لازمی شامل کیا جائے اور تمام احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی اجازت کے بغیر نکالی جانے والی مشی واکس پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور سوشل میڈیا کی نگرانی کے عمل کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا۔