Live Updates

انڈونیشیا کا آتش فشاں ماونٹ لیووٹوبی لکی لکی پھٹ پڑا

مقامی آبادی کو نقل مکانی کرنے کی ہدایت،بارش ہوئی توزیادہ نقصان ہوسکتاہے،ماہرین

بدھ 18 جون 2025 12:36

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)انڈونیشیا کا آتش فشاں مائونٹ لیووٹوبی لکی لکی پھٹ پڑا، سیاہ راکھ کا بادل 90 میل دور سے نظر آیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انڈونیشیا میں واقع فعال آتش فشاں مانٹ لیووٹوبی لکی لکی نے شدید دھماکے کے ساتھ راکھ اور گرم مواد فضا میں خارج کر دیا، جس کے بعد آتش فشانی راکھ کا ایک دیوہیکل، مشروم نما بادل فضا میں 11 کلومیٹر (تقریبا 6.8 میل) بلند ہوگیا، یہ منظر 90 میل دور شہروں میں بھی دیکھا گیا۔

حکام نے مقامی آبادی کو نقل مکانی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور امدادی ٹیمیں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے متحرک ہیں۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر علاقے میں شدید بارش ہوئی تو یہ راکھ اور لاوا ندی نالوں میں بہہ کر مزید تباہی کا سبب بن سکتا ہے، اسی خطرے کے پیش نظر آتش فشاں سے لگ بھگ 5 میل کے دائرے کو خطرناک قرار دے دیا گیا ہے، جہاں شہریوں کا داخلہ ممنوع ہے۔

(جاری ہے)

اب تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ماونٹ لیووٹوبی لکی لکی 5 ہزار 197 فٹ بلند ہے اور یہ مشرقی فلورز ضلع میں واقع جڑواں آتش فشانی پہاڑوں میں سے ایک ہے، اس کے ساتھ مانٹ لیووٹوبی پریمپوان بھی موجود ہے۔یاد رہے کہ یہ آتش فشاں اس سے قبل مئی 2024 میں بھی پھٹ چکا ہے، جب حکام نے اسی طرح الرٹ لیول جاری کیا تھا جبکہ نومبر 2023 میں آتش فشانی سے 9 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔واضح رہے کہ انڈونیشیا پیسفک رنگ آف فائر پر واقع ہونے کے باعث دنیا کے سب سے زیادہ فعال آتش فشانی علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں سیکڑوں آتش فشاں موجود ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات