سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام،فیصل آباد ڈویڑن کے 7 شہروں میں 48 ارب 55 کروڑ کی سکیموں کی منظوری

چک جھمرہ، جڑانوالہ، تاندلیانوالہ، جھنگ، کمالیہ، ٹی ٹی سنگھ، گوجرہ میں گلیوں، سڑکوں، سیوریج اور پارکوں کی بحالی کی سکیموں پر غور

بدھ 18 جون 2025 16:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)چیف منسٹر سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں فیصل آباد ڈویژن کے 7 شہروں میں 48 ارب 55 کروڑ روپے کی سکیموں کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک جائزہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی جبکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور میونسپل چیف افسروں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی(پی ایم ڈی ایف سی) کے مینجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر فیصل آباد ڈویژن کے 7 شہروں چک جھمرہ، جڑانوالہ، تاندلیانوالہ، جھنگ، کمالیہ، ٹی ٹی سنگھ اور گوجرہ میں گلیوں، رابطہ سڑکوں، سیوریج، ڈرین، سٹریٹ لائٹس اور پارکوں کی بحالی کی مجوزہ سکیموں کی تفصیلات پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام ایک منفرد منصوبہ ہے جس کے تحت نئے مال سال سے 61 شہروں میں سکیموں کا آغاز ہو رہا ہے۔ اگلے مرحلے میں مزید 110 شہروں میں دہائیوں سے موجود سیوریج اور اربن فلڈنگ کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے اس منصوبے کے تحت شہری آبادیوں کی 2050 تک کی ضروریات پوری کرنے کا حکم دیا ہے۔

پہلی بار شہروں میں اتنی بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جس سے پنجاب کا ایک نیا خوبصورت چہرہ سامنے آئے گا اور لوگوں کو گندی گلیوں اور زائدالمیعاد سیوریج سسٹم سے نجات ملے گی۔صوبائی وزیر نے برسوں پہلے بغیر پلاننگ بننے والی آبادیوں کو نظرانداز نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تجویز دی کہ ایسے محلے متعلقہ میونسپل کمیٹی اپنی حدود میں شامل کر لے تاکہ انہیں بھی ترقیاتی سکیموں کے دائرہ کار میں لایا جا سکے۔

پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کا خاص جزو اربن فلڈنگ کی روک تھام ہے کیونکہ مون سون کے موسم کے دوران شہروں میں برساتی پانی کا نکاس ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ہر شہر میں بارانی پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ٹینک یا پونڈنگ ایریاز بنائے جائیں گے۔ اسی طرح ٹرنک سیور اور بائی پاس سیوریج سسٹم سے زیر زمین پانی آلودگی سے محفوظ رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر شہروں کی سو فیصد گلیاں پختہ ہوں گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو خبردار کیا کہ ہر سکیم میں معیاری اور شفاف انداز میں کام کیا جائے۔ وزیراعلی مریم نواز خود بھی مختلف شہروں کے دورے کر کے جائزہ لیں گی۔ اجلاس میں گوجرہ کے منظور شدہ سیوریج سسٹم میں 10 کلومیٹر توسیع کی منظوری دی گئی۔ وزیر بلدیات کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی پورے پراجیکٹ کی نگرانی کرے گی۔

صوبائی وزیر نے فیصل آباد ڈویڑن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے اب تک ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ڈپٹی کمشنرز کو منصوبوں کا انجینئرنگ ڈیزائن جلد بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر سکیم میں سیوریج کے لئے لائننگ والا بڑے قطر والا پائپ استعمال کیا جائے گا کیونکہ لائننگ والے پائپ سے سیوریج سسٹم کی عمر 100 سال بڑھ جاتی ہے۔