سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں خواتین کی معاشی خودمختاری سے متعلق آگاہی سیمینار

بدھ 18 جون 2025 16:28

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں بیداری سیالکوٹ، ساؤتھ ایشین پارٹنرشپ پاکستان اور جی آئی زیڈ (جرمن انٹرنیشنل کوآپریشن) کے اشتراک سے خواتین کی معاشی خودمختاری سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقادکیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر ،نائب صدر بیداری حنا نورین، پروگرام منیجر رشم عدنان اور پراجیکٹ منیجر سدھار ارم نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابرنے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری اور ترقی کے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن نہیں۔ ایسے پلیٹ فارمز وقت کی ضرورت ہیں جو خواتین کو بااختیار بنائیں اور ان کی آواز کو اجاگر کریں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سیالکوٹ محمد شریف گھمن نے خواتین کی معاشی شمولیت کو ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے معاشرتی ہم آہنگی کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

جی آئی زیڈ کے نمائندہ صدیق اکبر نے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں خواتین کی شمولیت سے متعلق منصوبے کی تفصیلات بیان کیں، جس کے تحت مقامی خواتین کو باعزت روزگار فراہم کیا جا رہا ہے۔ سیمینار کے اختتام پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر بیداری ارشد محمود مرزا نے تمام شرکا ، شراکت داروں، فنکاروں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔